پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کا دعوی
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے پاکستان پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے،اسے عالمی سطح پر تنہا کرنے کے دعوی کیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ میں اپنی پارٹی کے قومی کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کردیا ہے اور ہم اسے مکمل طور پر تنہا کرکے چھوڑیں گے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے پاکستان پر دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام لگایا اور دعوی کیا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو صرف ہندوستان میں نہیں، بلکہ دوسرے ممالک میں بھی دہشت گردی کو بڑھاوا دے رہا ہے۔
انہوں نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے اڑی میں فوجی بیس پر کیے گئے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اڑی حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے اور اس کا بھرپور جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے اُڑی سیکٹر میں ہندوستانی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد کے حملے میں اٹھارہ فوجی ہلاک ہوئے تھے، جبکہ جوابی کارروائی میں چار حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔
ہندوستان نے اڑی حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ حملہ آوروں کا تعلق کالعدم جیش محمد سے تھا اور وہ پاکستان کے راستے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں داخل ہوئے تھے۔ پاکستان نے ہندوستان کے اس الزام کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔