ہندوستانی وزیر ا‏عظم کی صدارت میں میٹنگ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i250318-ہندوستانی_وزیر_ا_عظم_کی_صدارت_میں_میٹنگ
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۴:۴۸ Asia/Tehran
  •  ہندوستانی وزیر ا‏عظم کی صدارت میں میٹنگ

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔

ہندوستانی خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق نئی دہلی میں وزیرا‏عظم نریندر مودی کی صدارت میں انڈس واٹر ٹریٹی کے بارے میں ایک اجلاس ہوا جس  میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چھپن سال پرانے معاہدے کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں  ہندوستان کے پرنسپل سیکریٹری، قومی سلامتی کے مشیر، خارجہ سیکریٹری اور دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس میٹنگ میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان اس معاہدے کی بنیاد پر پاکستان کے زیر کنٹرول دریاؤں کا پانی زیادہ استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اجلاس میں اس سلسلے میں فوری طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن  ہندوستان کے  ایک سرکاری ذریعے کے حوالے سے پی ٹی آئی نے بتایا ہے کہ میٹنگ میں ایک وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ہنگامی بنیادوں پر اس معاہدے کے تعلق سے فوری ضروری اقدامات کا تعین کرے گی۔

یاد رہے کہ  ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چھے دریاؤں، راوی، ستلج، چناب، جہلم ، سندھ اور بیاس کے پانی کی تقیسم کے بارے میں  انڈس واٹر ٹریٹی پر انیس سو ساٹھ میں ہندوستان کے اس وقت کے  وزیر اعظم جواہر لال نہرو اور پاکستان کے صدر جنرل ایوب خان نے دستخط کئے تھے۔ اس معاہدے کے مطابق  دریائے بیاس،راوی اور ستلج کا کنٹرول ہندوستان کے پاس اور  دریائے سندھ ،جہلم اور چناب کا کنٹرول پاکستان کو سونپا گیا تھا۔

پاکستان کو کافی عرصے سے یہ شکایت ہے کہ ہندوستان  معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور اس کو اتنا پانی نہیں دے رہا ہے جو معاہدے میں طے ہوا تھا۔ پاکستان نے اس تعلق سے عالمی عدالت میں  ہندوستان کے خلاف کئی مقدمات بھی دائر کئے ہیں۔