ہندوستانی وفد پاکستان پہنچ گیا
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i250321-ہندوستانی_وفد_پاکستان_پہنچ_گیا
جنوبی ایشیائی تعاون کی تنظیم سارک کے اجلاس میں شرکت کے لیے ہندوستانی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • ہندوستانی وفد پاکستان پہنچ گیا

جنوبی ایشیائی تعاون کی تنظیم سارک کے اجلاس میں شرکت کے لیے ہندوستانی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق، انسداد بدعنوانی سے متعلق سارک کی پہلی کانفرنس میں ہندوستان کی وفد کی قیادت سینٹرل ویجیلنس کمیشن کے سربراہ شری پریمانشو بسواس کر رہے ہیں۔ کانفرنس کی میزبانی کرنے والے پاکستان کے قومی احستاب بیورو کے حکام نے ایئر پورٹ پر ہندوستانی وفد کا خیر مقدم کیا۔

نئی دھلی اور اسلام آباد کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سارک اجلاس میں ہندوستانی وفد کی شرکت کو انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ہندوستانی میڈیا میں خبریں آ چکی ہیں کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی آئندہ نومبر میں ہونے والے سارک سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جاری مظاہروں اور تشدد کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی پیدا ہو گئی تھی اور اڑی میں ہندوستانی فوجی اڈے پر مسلح افراد کے حملے کے بعد اس میں مزید شدت پیدا ہو گئی ہے۔

ہندوستان نے پاکستان کو کشمیر کی بحرانی صورتحال اور اڑی حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے جبکہ پاکستان اس کی سختی کے ساتھ تردید کرتا ہے۔