کشمیر میں ہڑتال اور سخت بندشوں کے نتیجے میں معمولات زندگی معطل
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i250426-کشمیر_میں_ہڑتال_اور_سخت_بندشوں_کے_نتیجے_میں_معمولات_زندگی_معطل
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں منگل کو اکیاسی ویں روز بھی پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۱:۴۲ Asia/Tehran
  • کشمیر میں ہڑتال اور سخت بندشوں کے نتیجے میں معمولات زندگی معطل

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں منگل کو اکیاسی ویں روز بھی پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ سخت ترین بندشوں اور علیحدگی پسند جماعتوں کی کال پر مسلسل ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح مفلوج رہے- سری نگر کے پائین شہر کے علاقوں میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر پرتشدد احتجاجی مظاہرے کئے جن کے دوران متعدد افراد زخمی ہو گئے- دوسری جانب شمالی کشمیر کے پٹن قصبے میں اس وقت مقامی لوگوں میں کافی اشتعال پیدا ہو گیا جب پولیس اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے لئے رات کے وقت چھاپے مارے- پولیس کے ذریعے رات کے وقت لوگوں کے گھروں پر مارے گئے چھاپے کے خلاف پوری بستی کے لوگ سراپا احتجاج بن گئے جس کے دوران پولیس سے ان کی جھڑپ بھی ہوئی جس میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے- دوسری جانب پلواما، شوپیاں اور کلگام کے علاقوں میں منگل کو پورے دن احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا، البتہ اس دوران کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا-  دریں اثنا احتجاجی مظاہروں میں پیش پیش رہنے والے نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا عمل بھی جاری ہے- ادھر حکام کا کہنا ہے کہ سری نگر میں معمولات زندگی تیزی کے ساتھ بحال ہو رہے ہیں اور لوگوں نے اپنی معمول کی زندگی شروع کر دی ہے، لیکن مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ تجارتی مراکز، اسکول، کالج اور سرکاری دفاتر بدستور بند ہیں تاہم سڑکوں پر پرائیویٹ گاڑیاں دوڑتی ہوئی نظر آئیں- حکام نے کہا ہے کہ علیحدگی پسند جماعتیں جن بے روزگار نوجوانوں کو اپنے مقصد کے لئے استعمال کر رہی ہیں حکومت ان نوجوانوں کے لئے بہت ساری اسکیموں کا اعلان کرنے جا رہی ہے-