اوڑی حملے کے شواہد پاکستان کو پیش کر دینے کا ہندوستان کا دعوی
ہندوستان نے کہا ہے کہ اٹھارہ ستمبر کو اوڑی میں ہندوستانی فوجی مرکز پر سرحد پار سے حملے کے ثبوت پاکستان کو پیش کر دیئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط کو ہندوستانی وزارت خارجہ میں طلب کرکے انہیں اوڑی حملے میں پاکستان کی سرزمین استعمال ہونے کے ثبوت پیش کردیئے گئے- خبروں کے مطابق ہندوستان کے خارجہ سکریٹری جے شنکر نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو اس حملے میں پاکستان کی سرزمین استعمال ہونے کے شواہد پیش کئے- ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے اپنے ٹوئٹرپیج پر یہ اطلاع دیتے ہوئے لکھا ہے کہ حملے میں مدد کرنے والے دونوں گائیڈز کو ایک گاؤں کے باشندوں نے پکڑا ہے جو اس وقت زیرحراست ہیں- ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں گائیڈز کا تعلق مظفرآباد سے ہے جبکہ اوڑی حملے میں مارے جانے والے ایک حملہ آور کی شناخت پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے مظفرآباد کے رہائشی حافظ احمد کے نام سے ہوئی ہے- دوسری جانب پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط نے ہندوستان کی طرف سے فراہم کئے گئے ثبوت و شواہد کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق عبدالباسط کا کہنا تھا کہ ہندوستان مسئلہ کشمیر سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان پر الزام تراشی نہ کرے- عبدالباسط کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہندوستان اس حوالے سے واقعی سنجیدہ ہے تو وہ عالمی تحقیقات کے مطالبے سے کیوں گریز کر رہا ہے-