ہندوستان: کشمیر میں سخت بندشیں اور ہڑتال
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سخت بندشوں اور ہڑتال کے باعث بدھ کو بیاسی ویں روز بھی کار و بار زندگی بری طرح مفلوج رہا-
سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ دارالحکومت سری نگر کے مضافاتی ضلع گاندر بل میں بدھ کو لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاجی مظاہرے کئے جن کے دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی- بتایا گیا ہے کہ اس جھڑپ میں متعدد افراد زخمی ہو گئے- ادھر پلواما کے بھی متعدد علاقوں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے- تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حالات کافی حد تک بہتر ہو گئے ہیں- حکام کا کہنا ہے کہ ہڑتال کی وجہ سے صرف کاروباری مرکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر نجی گاڑیاں دوڑ نے لگی ہیں اور چند روز کے اندر اندر پبلک ٹرانسپورٹ بھی پوری طرح بحال ہو جائے گا۔ حکام کے بقول سرکای دفاتر میں بھی حاضری تسلیّ بحش ہے- دوسری جانب مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ حکام کے دعوؤں اور زمینی حقائق میں نمایاں فرق ہے، البتہ مقامی باشندوں کا بھی کہنا ہے کہ سری نگر کے بالائی علاقوں میں نجی گاڑیاں بڑی تعداد میں دوڑتی ہوئی نظر آرہی ہیں- دوسری جانب بارا مولا، اننتناگ اور شوپیاں میں بھی بدھ کو پرتشدد مظاہرے ہوئے جبکہ علیحدگی پسند جماعتوں کی کال پر لوگوں نے نماز ظہرین، شہروں کی شاہراہوں پر ادا کی- نماز کے بعد لوگوں نے پرامن احتجاجی مظاہرے بھی کئے-