ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حالات کشیدہ، مظاہرے جاری
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i250807-ہندوستان_کے_زیر_انتظام_کشمیر_میں_حالات_کشیدہ_مظاہرے_جاری
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سخت ترین بندشوں اور ہڑتالوں کے باعث کاروبار زندگی جمعرات کو تراسی ویں روز بھی مفلوج رہا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حالات کشیدہ، مظاہرے جاری

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سخت ترین بندشوں اور ہڑتالوں کے باعث کاروبار زندگی جمعرات کو تراسی ویں روز بھی مفلوج رہا۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ  وادی کے بیشتر علاقوں میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے لیکن اس کے باوجود مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے-  پلواما، بانڈی پورہ اور گاندربل میں ہوئے پرتشدد مظاہروں میں تیس سے زائد افراد زخمی ہوئے- علیحدگی پسند جماعتوں کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پر جمعرات کو بھی معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور تجارتی مراکز، اسکول اور کالج بند رہے- وادی میں حکام نے سرکاری دفاتر کھول دیئے اور ملازمین سے دفاتر میں حاضر ہونے کو بھی کہا لیکن اس کے باوجود سرکاری دفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابر رہی- حکام نے ملازمین کو دھمکی بھی دی کہ ملازمتوں پر حاضر نہ ہونے کی صورت میں ان کی تنخواہیں کاٹ لی جائیں گی- ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ سری نگر میں سکریٹریٹ میں بھی سرکاری ملازمین کی حاضری بہت کم رہی- علیحدگی پسند جماعتوں نے مظاہروں اور ہڑتال کی کال کا دائرہ آئندہ چھے اکتوبر تک بڑھا دیا ہے- اس سے پہلے انتیس ستمبر تک مظاہرے اور ہڑتال کی کال دی گئی تھی- اس درمیان ہندوستان کے زیرانتظام ریاست جموں و کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے ہندوستان اور پاکستان، دونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر وتحمل سے کام لیں- انہوں نے ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سرجیکل آپریشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرجیکل آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے- انہوں نے دونوں حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کی میز پر آئیں- علیحدگی پسند جماعتوں نے بھی سرجیکل آپریشن کی خبروں  پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ہندوستان اور پاکستان نے پہلے بھی جنگیں کی ہیں لیکن اصل مسئلہ جوں کا توں باقی ہے- ان جماعتوں نے کہا ہے کہ اگر دونوں ممالک اصل مسئلے پر توجہ  دیں اور اس کو حل کر لیں تو پھر دونوں کے درمیان کبھی بھی جنگ نہیں ہو گی-