پاکستانی سرحد کے اندر گرفتار کئے گئے ہندوستانی فوجی کی رہائی کی کوشش
ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ غلطی سے سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہو جانے والے ہندوستانی فوجی کو واپس لانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔
ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جمعے کو سیکورٹی کی صورت حال سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلطی سے سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہوجانے والے فوجی کی رہائی کے لئے ہرممکن کوشش کی جائے گی- انہوں نے کہا کہ نئی دہلی اس ہندوستانی فوجی کی جلد سے جلد رہائی کے لئے معاملے کو اسلام آباد کے سامنے اٹھائے گا- پاکستانی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے جمعرات کو خبر دی تھی کہ سرحد عبور کرنے والے ایک ہندوستانی فوجی کو گرفتار کر لیا گیا- پاکستانی سیکورٹی فورس نے گرفتار ہونے والے ہندوستانی فوجی کا نام چندر بابولال چوہان بتایا تھا- اس ہندوستانی فوجی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا- ہندوستانی وزیر داخلہ نے بھی جمعے کو ایک اعلی سطحی میٹنگ کے بعد ایک ہندوستانی فوجی کی گرفتاری کی تصدیق کر دی- رویٹرز نے خبر دی ہے کہ ایک ہندوستانی فوجی افسر نے بھی اس سے پہلے مذکورہ ہندوستانی فوجی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہتھیار سے لیس سینتیس راشٹریہ رائفلز کا ایک فوجی اہلکار نادانستہ طور پر سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل ہو گیا تھا- ہندوستانی فوجی افسر کا کہنا تھا کہ نادانستہ طور پر سرحد عبور کر جانے کے واقعات دونوں جانب سے ماضی میں بارہا پیش آچکے ہیں اور ایسے افراد کو واپس لوٹا دیا جاتا ہے- اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے بھی ایک غیر ملکی نیوز چینل سے گفتگو میں کہا تھا کہ پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ہندوستانی فوجی اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا ہے-