ہندوستان: نئی دہلی اور پانچ ریاستوں میں سیکورٹی ریڈ الرٹ جاری
ہندوستان کی مرکزی حکومت نے ملک میں دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ بڑھ جانے کے پیش نظر نئی دہلی اور پانچ دیگر ریاستوں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔
ہندوستان کی وزارت داخلہ نے دہشت گردانہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر نئی دہلی اور دیگر پانچ ریاستوں راجستھان، گجرات، پنجاب، مہاراشٹرا اور جموں و کشمیر میں سیکورٹی انتہائی سخت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا- ارنا نے خبر دی ہے کہ ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ہفتے کو ایک اہم میٹنگ کی جس میں سیکورٹی اور خفیہ اداروں کے حکام نے شرکت کی- اس میٹنگ میں سرجیکل آپریشن کے بعد سرحد پار سرگرم دہشت گردگروہوں کے دہشت گردانہ حملوں اور انتقامی کارروائیوں کے امکانات اور خطرات کا جائزہ لیا گیا- میٹنگ میں موجود سیکورٹی حکام اور خفیہ ایجنسیوں کے عہدیداروں نے دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ بڑھ جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے کہ دہشت گرد عناصر اپنے خفیہ ٹھکانوں سے نکل کر دارالحکومت نئی دہلی میں دہشت گردانہ حملے کے لئے روانہ ہوں- اس میٹنگ میں پاکستان کی جانب سے ہندوستان میں موجود اپنے عناصر کے ذریعے نیابتی جنگ شروع کرانے کی بابت بھی خبردار کیا گیا- ہندوستان کی خفیہ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے وابستہ دہشت گرد عناصر نئی دہلی میں حملہ کرنے کے لئے خود کو تیار کر رہے ہیں-