کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i251140-کشمیر_میں_پرتشدد_مظاہروں_کا_سلسلہ_جاری
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پچاسی ویں روز بھی پرتشدد مظاہروں، سخت بندشوں اور ہڑتالوں کا سلسلہ جاری رہا-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۲:۵۹ Asia/Tehran
  • کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پچاسی ویں روز بھی پرتشدد مظاہروں، سخت بندشوں اور ہڑتالوں کا سلسلہ جاری رہا-

سری نگر سے ہمارے  نمائندے نے خبر دی ہے کہ وادی کے مختلف علاقوں میں سخت بندشوں کے باوجود ہفتے کو پچاسی ویں روز بھی پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ علیحدگی پسند جماعتوں کی اپیل پر ہڑتال کے باعث معمولات زندگی بری طرح مفلوج رہے- اس درمیان وسطی ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے ایک زخمی نوجوان کی اسپتال میں موت واقع ہو جانے کے بعد نو جولائی سے شروع ہونے والے پرتشدد مظاہروں اور سیکورٹی فورس کی مبینہ فائرنگ میں مرنے والوں کی تعداد نوے سے زائد ہو گئی ہے- ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ جب اس نوجوان کی لاش اس کے آبائی وطن پہنچائی گئی تو مقامی لوگوں نے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے سخت احتجاجی مظاہرہ کیا- اس موقع پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی- جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع سے بھی خبر ہے کہ لوگوں نے ہفتے کو بھی شدید احتجاجی مظاہرے کئے جن کے دوران متعدد افراد زخمی ہو گئے- درین اثنا لائن آف کنٹرول پر سخت کشیدہ صورت حال کے پیش نظر سرحدی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے ہندوستان کی بری فوج کے سربراہ دلبیر سنگھ سہاگ ہفتے کو ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے اودھم پور پہنچے جہاں انہوں نے اعلی فوجی افسران سے ملاقات کی-