ہندوستان: کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں اتوار کو بھی سخت بندشوں اور ہڑتالوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ مختلف مقامات پر پرتشدد مظاہرے بھی ہوئے۔
سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ چھیاسی ویں روز بھی ہڑتال اور مظاہروں کی وجہ سے وادی کے سبھی اضلاع میں معمولات زندگی بری طرح مفلوج رہے، جبکہ شمالی اور جنوبی کشمیر سمیت سری نگر کے پائین شہر علاقے میں بھی پرتشدد مظاہرے ہوئے- اطلاعات کے مطابق وسطی ضلع بڈگام کے باشندوں نے اتوار کو شدید احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سری نگر گلبرگ روڈ کو بند کر دیا جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا- شمالی کشمیر کے پل ہالن میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر مظاہرے کئے اور سیکورٹی فورس کی مبینہ زیادتیوں کی مذمت میں نعرے لگائے- سری نگر کے مضافاتی علاقے گاندربل اور جنوبی کشمیر کے پلواما، شوپیاں اور کلگام سمیت مختلف مقامات پر پرتشدد مظاہرے ہوئے جن کے دوران ایک درجن کے قریب لوگ زخمی ہوئے- حکام نے کہا ہے کہ وادی کے سبھی اضلاع میں حالات معمول پر لوٹ رہے ہیں لیکن مقامی باشندوں کا کہنا ہے صورت حال جوں کی توں کشیدہ ہے- اس درمیان یہ بھی اطلاعت ہیں کہ پولیس اور سیکورٹی فورس نے وادی کے سبھی اضلاع میں ان نوجوانوں کو گرفتار کرنے لئے جو مظاہروں میں پیش پیش ہیں، کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے- پولیس اور سیکورٹی فورس کا کہنا ہے کہ اب تک چھے ہزار سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے-