راج ناتھ سنگھ ایک بار پھر کشمیر کے دورے پر
ہندوستان کے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ پیر کو ایک بار پھر کشمیر پہنچے ہیں۔
سرینگر سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے مرکزی وزیر داخلہ کشمیر کے دور روزہ دورے پر پیر کو لداخ پہنچے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق راجناتھ سنگھ نے لداخ میں ہندوستان کے ز یرانتظام کشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وادی کشمیر کے حالات اور سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ہمارے نمائندے کے مطابق ہندوستان کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ منگل چار اکتوبر کو کرگل بھی جائیں گے۔
یاد رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھنے اور جنگ شروع ہو جانے کے امکان کے پیش نظر کرگل کے لوگوں میں کافی خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ کرگل کے بہت سے لوگوں نے سحرعالمی نیٹ ورک کے نمائندے سے گفتگو میں کہا ہے کہ اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ ہوگئی تو کرگل کے عوام کو نقل مکانی کرنی پڑے گی اور انہیں کافی نقصان کا سامنا ہوگا۔
ہندوستان کے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ایسے عالم میں کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں کہ جب اتوار کی رات ایک بار پھر ہندوستان کی راشٹریہ رائفلز فورس کے ایک کیمپ پر حملہ ہوا ہے۔ ہندوستان کے فوجی ذرائع کے مطابق اس حملے کے بعد لڑائی میں دو ہندوستانی فوجی اور دو حملہ آور مارے گئے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق سرحدوں پر بھی کشیدگی کافی بڑھ گئی ہے اور دونوں طرف سے گولہ باری کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا۔ اسی کے ساتھ سرحدی علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فوج نے بھی سرحدی علاقوں کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات کی طرف چلے جائیں۔
دوسری طرف وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں سخت بندشوں اور کرفیو کے باوجود عوام کے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ سرینگر سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ بعض علاقوں میں مظاہرین اور سیکورٹی دستوں کے درمیان تصادم میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔