کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کی لہر چوتھے مہینے میں داخل
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i252127-کشمیر_میں_پرتشدد_مظاہروں_کی_لہر_چوتھے_مہینے_میں_داخل
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کی لہر چوتھے مہینے میں داخل ہوگئی ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۶ Asia/Tehran
  • کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کی لہر چوتھے مہینے میں داخل

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کی لہر چوتھے مہینے میں داخل ہوگئی ہے-

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ علیحدگی پسند جماعتوں کی طرف سے جمعے کو سری نگر میں اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب مارچ کی کال دی گئی تھی لیکن حکام نے اسے ناکام بنادیا ہے -

حکام نے اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب مارچ کی کال کو ناکام بنانے کے لئے  سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے اور مسلسل چودہویں ہفتے بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی - حکام نے کہا ہے کہ جمعے کو حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے اور وادی کے کسی بھی علاقے میں کرفیو نافذ نہیں کیا گیا -

مقامی باشندوں کا کہنا ہے انہیں اپنے محلّوں میں بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی - علیحدگی پسند جماعتوں نے عوام سے اپیل کی تھی وہ سری نگر میں اجتماعی طور پر نماز جمعہ ادا کریں اور اس کے بعد اقوام متحدہ کے نمانندہ دفتر کی جانب مارچ کریں -

اس درمیان وادی کے مختلف علاقوں میں جمعے کو بھی پرتشدد مظاہرے ہوئے جن میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں - گذشتہ نوجولائی سے جاری پرتشدد مظاہروں میں نوے سے زائد افراد جاں بحق اور تیرہ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں -

سری نگر میں مقامی باشندوں نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران اجتماعات اور جلوسہائے عزا پر بھی حکام نے پابندی لگادی ہے - اس دوران جمعے کو وسطی ضلع بڈگام میں عالمی یوم علی اصغر کی مناسبت سے ایک بڑا پروگرام منعقدکیا گیا جس میں عزاداروں کی خاصی تعداد نے شرکت کی-