ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ایک نوجوان کی موت کے بعد حالات مزیدکشیدہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i252298-ہندوستان_کے_زیرانتظام_کشمیر_میں_ایک_نوجوان_کی_موت_کے_بعد_حالات_مزیدکشیدہ
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ایک تیرہ سالہ زخمی نوجوان کی موت واقع ہوجانے کے بعد پرتشدد مظاہروں میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے اور حکام نے سری نگر کے متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا ہے
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۴:۰۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ایک نوجوان کی موت کے بعد حالات مزیدکشیدہ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ایک تیرہ سالہ زخمی نوجوان کی موت واقع ہوجانے کے بعد پرتشدد مظاہروں میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے اور حکام نے سری نگر کے متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا ہے

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ پائین شہر کے علاقے میں جمعے کی شام ایک تیرہ سالہ نوجوان جنید احمد سیکورٹی فورس کی پیلٹ گن سے شدید طور پر زخمی ہوگیا تھا جو ہفتے کی صبح زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا - اس نوجوان کی موت کے بعد سری نگرکے پائین شہر میں شدید احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن کے دوران درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں -

ہفتے کے روز جاں بحق ہونے والے اس نوجوان کے جلوس جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی - جنازے میں شریک لوگوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے لگائے اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں پر پتھراؤ بھی کیا - جواب میں ہندوستانی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے بھی ہوائی فائرنگ کی، پیلٹ گن کا استعمال کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی -

مظاہروں کی شدت کو دیکھتے ہوئے حکام نے سری نگر کے متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا ہے - اس واقعے کے بعد وادی کے دیگر علاقوں میں بھی پرتشدد مظاہروں میں شدت آگئی ہے - سرکاری اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے درمیان جھڑپوں میں کم سے کم پچاس افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے -

ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے سے وادی میں حالات نسبتا پرسکون تھے اور کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا تھا اور حکام بھی حالات میں بہتری کا دعوی کررہے تھے لیکن تیرہ سالہ نوجوان کی موت کے تازہ واقعےکے بعد صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہوگئی ہے -

تازہ کشیدہ صورتحال کے بعد ریاستی حکومت نے سری نگر اور اطراف کے علاقوں میں برآمد ہونےوالے جلوسہائے عزا پر بھی پابندی عائد کردی ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے - لوگوں کا کہنا ہے یہ مداخلت فی الدین ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا -