بھوپال کی جیل سے فرار ہونے والے آٹھ قیدی ہلاک
ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس نے جیل سے فرار ہونے والے آٹھ قیدیوں کو ہلاک کردیا-
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ان افراد نے بھوپال جیل میں تیز دھار چاقو سے ایک اہلکار کو ہلاک کیا اور فرار ہوگئے۔
اس رپورٹ کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ریاست مدھیہ پردیش کے وسطی شہر میں آپریشن کیا گیا جہاں انھیں رکنے کے لئے خبردار کیا گیا تاہم انھوں نے مزاحمت کی جس کے بعد فائرنگ سے آٹھوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
بھوپال کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) آف پولیس یوگیش چوہدری نے بتایا کہ ہم نے انھیں گرفتاری دینے کے لئے کہا تاہم انھوں نے پولیس کا گھیرا توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نہتے تھے تاہم انھوں نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور ہمیں ان کو روکنے کیلئے فائرنگ کرنا پڑی۔
ادھر پولیس کا کہنا تھا کہ مقامی رہائشی افراد نے پولیس کو، علاقے میں مشتبہ افراد کی غیر معمولی نقل و حرکت کے حوالے سے آگاہ کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ان کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا-
واضح رہے کہ اس واقعے سے قبل وزارت داخلہ نے ملک بھر میں جیل توڑنے کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کیا تھا۔
واقعے کے بعد جیل سپریٹنڈنٹ سمیت چار عہدیداروں کو معطل کردیا گیا ۔