ہندوستان: 26 نومبر کو کسانوں کا ملک گیر احتجاج کا اعلان
ہندوستان میں کسان تنظیموں نے ایک اور بڑے احتجاج کا اعلان کیا ہے جو 26 نومبر کو ہوگا۔
سحرنیوز/ہندوستان: دہلی سے موصول میڈیا رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کسانوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ 26 نومبر کو دہلی سمیت ملک بھر کے تقریباً 100 مقامات پر احتجاج کریں گے، یہ احتجاج سات اہم مطالبات پر مرکوز ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق کسانوں کے سات مطالبات میں ہند امریکہ تجارتی معاہدے کی مخالفت اور 'ایم ایس پی' کی قانونی ضمانت شامل ہے۔
احتجاج کی بنیادی وجوہات پر بات کرتے ہوئے، کسان رہنما یدھویر سنگھ نے کہا کہ "سب سے اہم مسئلہ ہند امریکہ تجارتی معاہدہ ہے، جس پر حکومت ہند فی الحال بات چیت کر رہی ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کرنے کے قریب ہے لیکن اس سلسلے میں عوامی سطح پر بہت کم بحث ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر زراعت نے واشنگٹن سے اعلان کیا ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں ہندوستان کے ساتھ تجارت 500 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی اور دعویٰ کیا کہ اس سے امریکی کسانوں کو بہت فائدہ ہوگا لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا یا صرف ایک کو؟ اگر امریکی کسانوں کو فائدہ ہوتا ہے، تو ہندوستانی کسان تباہ ہو جائیں گے، یہ یقینی ہے۔"
ادھر ایک اور کسان رہنما ستیہ وان نے الزام لگایا کہ "ہمارے ملک کی منڈیاں درآمد شدہ زرعی مصنوعات سے بھر جائیں گی۔ ماضی میں بھی ہماری منڈیوں کو ملکی اور غیر ملکی کارپوریٹ اداروں کے حوالے کرنے کی کوششیں کی گئی تھیں۔ اب یہ مجوزہ تجارتی معاہدہ انہیں مکمل طور پر تباہ کر دے گا، پھر میں ہمارے کسان کہاں جائیں گے؟"
رپورٹ کے مطابق کارپوریٹ اداروں کی جانب سے پیدا ہونے والے چیلنجوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "بڑی امریکی کمپنیاں اپنی زرعی پیداوار ہندوستان کے بڑے کارپوریٹ گھرانوں کو فروخت کریں گی۔ یہ بڑی کمپنیاں ان مصنوعات کو کم قیمت پر درآمد کریں گی اور ہندوستانی صارفین کو مہنگے داموں پر فروخت کریں گی۔ نتیجے کے طور پر، منڈیوں میں ہمارے کسانوں کے لیے کوئی جگہ نہیں بچے گی۔ لہٰذا، ہم حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ اس معاہدے کو آگے نہ بڑھائے۔"
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel