ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں مظاہرین کے خلاف سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائی
-
کشمیری عوام آٹھ جولائی کو ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں برہان وانی کی ہلاکت کے وقت سے احتجاجی مظاہرے اور ہڑتالیں کر رہے ہیں۔
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں احتجاج کرنے والے کشمیریوں کے خلاف سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائی بدستور جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ہندوستان کے سیکورٹی اہلکاروں نے بارہ مولہ کے علاقے میں مظاہرہ کرنے والے کشمیریوں پر حملہ کر کے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کے اس حملے کے بعد کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
گذشتہ چار ماہ سے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی صورت حال بدستور بحرانی ہے۔ واضح رہے کہ کشمیری عوام آٹھ جولائی کو ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے وقت سے احتجاجی مظاہرے اور ہڑتالیں کر رہے ہیں جن میں اب تک ایک سو تیرہ سے زائد کشمیری ہلاک اور سترہ ہزار سے زائد دیگر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں کشمیریوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔