جے للیتا کی سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں
تامیل ناڈو کی وزیر اعلی جے للیتا کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
تامیل ناڈو کی وزیر اعلی اور انا ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری جے جے للیتا کو منگل کی شام کو چنئی میں مرینا بیچ پر مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ انہیں ان کے مربی ایم جی رام چندرن کی سمادھی کے نزدیک دفن کیا گیا۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق تامیل ناڈو کے دارالحکومت چنئی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تامیل ناڈو کی وزیر اعلیٰ جے للیتا گزشتہ رات دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسیں- جے للیتا گزشتہ کئی ماہ سے بیماری کی وجہ سے اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں تھیں جہاں ان کا علاج جاری تھا۔
جے للیتا کی موت پر ریاست میں سات دن کا سوگ اور تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ اس دوران تمام سرکاری عمارتوں پر بھارتی پرچم بھی سر نگوں رہے گا۔ جے للیتا کی آخری رسومات میں وزیر اعظم نریند مودی اور صدر پرنب مکھرجی سمیت اعلی سرکاری حکام بھی شریک تھے-
ہندوستان کی ریاست تامیل ناڈو کی وزیراعلیٰ جیا للیتا کےانتقال کے بعد پارٹی کے سینیئر رہنما اور ریاست کے وزیر خزانہ اوپنیرسیلوم نے انیسویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ تامل ناڈو کے دارالحکومت چنائی کے آپولواسپتال کی جانب سے جیا للیتا کی وفات کی خبر ملنے کے فورا بعد ان کی پارٹی کے ارکان نے اتفاق رائے سے اوپنیر سیلوم کواپنا نیا وزیراعلیٰ منتخب کیا۔واضح رہے کہ جے للیتا کو دوہزار چودہ میں کرپشن کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جب کہ انہوں نے طبیعت کی ناسازی کے باعث وزیر اعلیٰ کے اختیارات اپنے نائب کو دے دیے تھے۔