پارلیمنٹ کا تعطل ہندوستانی صدر کی برہمی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i261496-پارلیمنٹ_کا_تعطل_ہندوستانی_صدر_کی_برہمی
ہندوستان کے صدر پرنب مکھرجی نے پارلیمنٹ میں موجود سبھی جماعتوں کو خبردار کیا ہے کہ پارلیمنٹ کی کارروائیوں میں مسلسل تعطل کو برداشت نہیں کیا جائے گا -
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Dec ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • پارلیمنٹ کا تعطل ہندوستانی صدر کی برہمی

ہندوستان کے صدر پرنب مکھرجی نے پارلیمنٹ میں موجود سبھی جماعتوں کو خبردار کیا ہے کہ پارلیمنٹ کی کارروائیوں میں مسلسل تعطل کو برداشت نہیں کیا جائے گا -

نوٹ بندی کے معاملے پر پارلیمنٹ  میں جاری ہنگاموں اور پارلیمنٹ کی سرگرمیاں مسلسل معطل ہونے پر ہندوستان کے صدر پرنب مکھر جی نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ آپ پارلیمنٹ میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں - انہوں نے پارلیمنٹ میں خواتین کی نشستوں کے لئے کوٹہ معین کئے جانے کے بل کی بھی حمایت کی - واضح رہے کہ نوٹ بندی کے معاملے پر پارلیمنٹ میں جاری ہنگامے کو ایک مہینے مکمل ہوگئے ہیں - پارلیمنٹ  کے دونوں ایوانوں میں سبھی مخالف سیاسی جماعتیں نوٹ بندی کے حکومتی فیصلے کی مخالفت کررہی ہیں - جمعرات کو بھی پارلیمنٹ  کے دونوں ایوانوں کی کارروائیاں ہنگاموں کی نذر ہوگئیں - مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن حکومت کا جواب ہی سننے کو تیار نہیں ہے - دریں اثنا کانگریس سمیت سبھی اپوزیشن جماعتوں نے جمعرات کو یوم سیاہ منایا - پارلیمنٹ کے احاطے میں اپوزیشن لیڈروں نے بازوؤں پر کالی پٹی باندھ کر احتجاج کیا -کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوٹ بندی معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے سے بھاگ رہے ہیں لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے - راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ حکومت خود بھی ابھی تک یہ نہیں سمجھ سکی ہے کہ اس نے نوٹ بندی کا فیصلہ کیوں کیا ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے یہ کہا تھا کہ یہ قدم دہشت گردوں کو مل رہے پیسوں کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے لیکن دہشت گردوں کے پاس سے نئے نوٹ مل رہے ہیں -