حکومت اپوزیشن کو بولنے نہیں دے رہی ہے: ممتا بنرجی
ہندوستان کی ترنمول کانگریس پارٹی کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن جماعتوں کو پارلیمنٹ میں بولنے نہیں دے رہی ہے۔
نوٹ منسوخی کی مخالفت جاری رکھتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیراعلی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن رہنماؤں کے بولنے پر پابندی نہایت افسوسناک ہے- ممتا بنرجی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں نوٹ منسوخی پر بحث کرنا چاہتی ہیں اور اور چاہتی ہیں کہ ایوان کی کارروائی چلے- مغربی بنگال کی وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو بولنے کیوں نہیں دے رہی ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ پول کھل چکی ہے-
اس سے قبل ممتا بنرجی نے وزیراعظم نریندر مودی کا استعفی طلب کیا تھا اور کہا تھا کہ نوٹ منسوخی ملک کو اقتصادی تباہی کے راستے پر لے جا رہی ہے اس لئے نریندرمودی کو اپنے عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی حق نہیں ہے- مغربی بنگال کی وزیراعلی نے کہا کہ نوٹ منسوخی کا ملک کی ترقی اور تجارت پر برا اثر پڑا ہے- انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کسی پر بھی بھروسہ نہیں کرتے اور یہ بھی نہیں سمجھتے کہ ملک کے لئے کیا اچھا ہے-
دوسری جانب ہندوستان کے سپریم کورٹ نے نوٹ منسوخی کے معاملے میں داخل ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے سوال کیا ہے کہ ایک شخص کتنے پیسے بینک سے نکال سکتا ہے؟ وہیں حکومت نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ وہ ہاتھ پر ہاپھ رکھ نہیں بیٹھی ہے آئندہ دس سے پندرہ دنوں میں مشکلات دور ہو جائیں گی-