ہندوستان: پارلیمنٹ میں ہنگامہ، دونوں ایوانوں کی کارروائی معطل
ہندوستان کی پارلیمنٹ میں نوٹ بندی اور بدعنوانی کے معاملے پر بدھ کے دن بھی زبردست ہنگامہ ہوا جس کے باعث دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنا پڑی۔
رپورٹوں کے مطابق بدھ کو ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی کارروائی شروع ہونے کے تین منٹ بعد ہی اپوزیشن کے ہنگاموں کے باعث، ملتوی کرنا پڑی - اس کے بعد جب ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو مرکزی وزیر کرن رجیجو پر لگے بدعنوانی کے الزاموں کو لے کر اپوزیشن نے دوبارہ ہنگامہ شروع کر دیا جس کے بعد لوک سھبا اسپیکر نے ایوان کی کارروائی جمعرات تک کے لئے ملتوی کر دی- ایوان میں ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی بھی موجود تھے- ایوان میں برسراقتدار جماعت کے ممبر پارلیمنٹ اننت کمار نے کہا کہ حکومت، بحث کے لئے تیار ہے لیکن اپوزیشن اس سے بھاگتی رہی ہے- اس موقع پر اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ، مودی سرکار ہوش میں آؤ، کے نعرے لگاتے رہے- اپوزیشن نے ایوان بالا، راجیہ سبھا میں بھی شدید ہنگامہ کیا جس کے باعث کارروائی کو دو بجے تک ملتوی کرنا پڑا-