ہندوستانی اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف صدر سے شکایت
ہندوستانی پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں کام کاج ٹھپ پڑے رہنے کے پیش نظر، کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت کو قصور وار ٹہراتے ہوئے صدر پرنب مکھر جی سے شکایت کی ہے-
کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی قیادت میں کانگریس، ترنمول کانگریس اور کچھ دیگر پارٹیوں کے اراکین مارچ کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس سے راشٹرپتی بھون پہنچے اور وہاں جاکر صدر پرنب مکھرجی سے حکومتی رویئّے پرشکایت کی اور انہیں ایک میمورنڈم بھی پیش کیا - بعد ازاں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما ملیکا ارجن کھڑگے نے کہاکہ حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں اس بار کوئی کام کاج نہیں ہوسکا اور انہوں نے اس بارے میں صدر سے شکایت کی ہے -
واضح رہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کےایک حکم کے تحت پانچ سو اور ایک ہزار کی نوٹوں کی منسوخی کے معاملے پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زبردست ہنگامہ ہوتا رہا اور ایوان کی کارروائی نہ چل سکی - دریں اثنا نوٹوں کی منسوخی کے معاملے پر اپوزیشن کے مسلسل ہنگامے کی وجہ سے راجیہ سبھا کا سرمائی اجلاس بھی مکمل طور پر ہنگامے کی نذر ہوگیا اور اس دوران صرف معذور افراد سے متعلق ہی صرف ایک بل پاس ہوسکا اور یوں جمعے کے بعد سے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی-