نیپال: سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی
نیپال میں تباہ کن سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی ہے اور 2 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: کاٹھمانڈو سے موصولہ رپورٹ کے مطابق نیپال میں سیلاب کے بعد تلاش اور لاشوں کی بازیابی کا عمل تیز کرنے کے لیے مزید 1,200 فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیلاب کے باعث مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تازہ اطلاعات کے مطابق مرنے والوں کی تعداد 626 ہوگئی ہے اور 2 ہزار سے زیادہ افراد تا حال لاپتہ ہیں۔
نیپالی حکام کے مطابق تباہ شدہ شہری انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے بیرونی تعاون درکار ہوگا، امدادی کارروائیوں کے لیے 15,000 سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
دریں اثنا نیپال نے سیلاب کے بعد خصوصی غیر ملکی امداد طلب کرلی ہے، سرنگوں میں پھنسے افراد کو نکالنے اور ڈی این اے ٹیسٹنگ کے لیے ماہرین درکار ہیں، لاشوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کولڈ اسٹوریج کی بھی ضرورت ہے۔
نیپالی حکام کے مطابق تباہ شدہ پلوں کے باعث متاثرہ علاقوں تک رسائی متاثر ہوئی، لاشیں سیلابی ریلوں میں بہہ کر دور دراز علاقوں تک پہنچ گئی ہیں۔
نیپال نے شروع میں کہا تھا کہ اسے غیرملکی ریسکیو ٹیموں کی ضرورت نہیں اور ملکی سیکورٹی ادارے خود امدادی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں، تاہم اُن ممالک کے دباؤ کے بعد حکومت اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئی جِن کے شہری سیلاب کے بعد تاحال لاپتا ہیں۔
جنوبی کوریا نے نیپال میں ایک رسپانس ٹیم بھیجنے کے ساتھ مزید ایک ڈیزاسٹر ریلیف ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان، چین، امریکہ، برطانیہ، جاپان، جنوبی کوریا، سری لنکا اور بنگلہ دیش سمیت کئی ممالک نے نیپالی حکومت سے اپنے سرچ اینڈ ریسکیو دستے بھیجنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel