ہندوستان: ریاست منی پور میں مزید چار ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان
ہندوستان کی حکومت نے باغیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے چار ہزار فوجی ریاست منی پور بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست منی پور کے شمالی علاقوں کے اقتصادی محاصرے اور پولیس پر جنگجوؤں کے حملوں کے بعد ریاست منی پور کے حکام نے گذشتہ کئی روز سے ریاست کے مرکز امپھال میں تشدد کو کنٹرول کرنے کے لیے کرفیو لگا رکھا ہے۔ تقریبا دو ماہ قبل ناگا قوم سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے اس ریاست کی دو اصلی شاہراہوں کو بند کر دیا جسکی وجہ سے اس ریاست میں اشیائے ضرورت کی شدید قلت پیدا ہو گئی۔ اس رپورٹ کے مطابق منی پور کے عوام نے اقتصادی محاصرے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کئی گاڑیوں اور مسافر بسوں کو آگ لگا دی۔ ریاست میں تشدد اوربدامنی اس وقت شروع ہوئی جب منی پور کی مقامی حکومت نے اس ریاست میں سات نئے علاقے قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ ریاست منی پور میں پہلے ہی ساڑھے تیرہ ہزار فوجی تعینات ہیں اور اب مزید چار ہزار فوجیوں کی تعیناتی سے ان کی تعداد بڑھ کر ساڑھے سترہ ہزار ہو جائے گی۔