ریاست اترپردیش کی حکومت اور حکمراں جماعت میں سیاسی گھمسان
ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں حکمراں جماعت سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو نے ریاست کے وزیراعلی اور اپنے بیٹے اکھلیش یادو اور بھائی رام گوپال یادو کو پارٹی سے چھے سال کے لئے برخاست کر دیا ہے۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ پارٹی کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے کی بنا پر وہ وزیراعلی اکھلیش یادو اورجنرل سکریٹری رام گوپال یادو کو آئندہ چھے برسوں کے لئے پارٹی سے باہر نکال رہے ہیں-
سماج وادی پارٹی میں ایک عرصے سے داخلی سیاسی بحران اور گھمسان جاری تھا تاہم آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے امیدواروں کو ٹکٹ کی تقسیم کے مسئلے پر ملائم سنگھ کا خاندان دوحصوں میں تقسیم ہوگیا - ملائم سنگھ یادو اور ان کے بھائی ریاستی صدر شیوپال سنگھ یادو نے امیدواروں کی لیسٹ جاری کی تھی جس کے بعد وزیراعلی اکھلیش یادو نے امیدواوں کی دوسری لیسٹ جاری کر دی جس پر چچا بھتیجے کے درمیان تنازعہ باپ بیٹے کے درمیان تنازعے میں تبدیل ہو گیا-
ملائم سنگھ یادو نے پہلے اپنے بیٹے اور وزیراعلی اکھلیش یادو اور پارٹی کے جنرل سکریٹری اور بھائی رام گوپال یادو کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا لیکن کچھ ہی گھنٹے کے بعد ایک پریس کانفرنس کرکے انہوں نے اپنے بیٹے اور بھائی دونوں کو پارٹی سے باہر نکال دیا- ان کا کہنا تھا کہ رام گوپال یادو اکھلیش کو گمراہ کر رہے ہیں-
ہندوستان کی تاریخ میں غالبا یہ پہلی بار ہے جب کسی وزیراعلی کو عہدے پر رہتے ہوئے پارٹی سے باہر نکالا گیا ہے- ملائم سنگھ نے کہا کہ ہم نے پارٹی کو بچانے کے لئے دونوں کو چھے سال کے لئے پارٹی سے باہر نکالا ہے- انہوں نے کہا کہ جب اسمبلی انتخابات کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا تھا تو پھر وزیراعلی نے الگ فہرست کیوں جاری کی-
ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں پر کارروائی کرنے کے علاوہ میرے پاس اور کوئی چارہ نہیں تھا- ملائم سنگھ نے کہا کہ خاندان اور رشتے داری پر پارٹی کو ترجیح حاصل ہے- ہمارے نزدیک پارٹی سب سے اہم ہے- ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ اگلا وزیراعلی کون ہوگا اس کا بھی اعلان میں جلد ہی کر دوں گا-
اس سے پہلے پچھلے کئی مہینے سے اکھلیش یادو اور ان کے ایک اور چچا شیوپال یادو کے درمیان شدید اختلافات چلے آ رہے تھے البتہ شیوپال یادو کو پارٹی کے سربراہ اور اپنے بھائی ملائم سنگھ یادو کی حمایت حاصل تھی- پچھلے دو روز سے اکھلیش اور ملایم سنگھ یادو پارٹی کے رہنماؤں اور ارکان اسمبلی کے ساتھ الگ الگ میٹنگیں کر رہے تھے۔