نریندرمودی پر مایاوتی کا حملہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i265603-نریندرمودی_پر_مایاوتی_کا_حملہ
ہندوستان کی ریاست اترپردیش کی سابق وزیراعلی اور بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے نوٹ بندی کے معاملے پر ایک بار پھر وزیراعظم نریندر مودی پر حملہ کیا ہے
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۲:۱۴ Asia/Tehran
  • نریندرمودی پر مایاوتی کا حملہ

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کی سابق وزیراعلی اور بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے نوٹ بندی کے معاملے پر ایک بار پھر وزیراعظم نریندر مودی پر حملہ کیا ہے

لکھنو میں منگل کو نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ نوٹ بندی کا فیصلہ ہندوستان کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے - مایاوتی نے کہا کہ وزیراعظم کی باتوں سے نہیں لگتا کہ وہ امیدوں کو پورا کریں گے اور نہ ہی اچھے دن کے آثار نظر آرہے ہیں - انہوں نے لکھنو میں نریندرمودی کے حالیہ جلسے اور خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ان کے خطاب سے مایوسی ہوئی ہے - بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ نے کہا کہ لوگوں کو اپنے پیسے خرچ کرنے کی آزادی ہونی چاہئے- انہوں نے لکھنو میں وزیراعظم نریندرمودی کے جلسے میں جمع ہوئی بھیڑکے بارے میں کہا کہ جلسے میں کرائے کے لوگوں کو اکٹھا کیا گیا تھا - مایاوتی نے نریندر مودی کے لکھنو جلسے کے بارے میں یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب بھارتیہ جنتا پارٹی دعوی کررہی ہے کہ یہ جلسہ بہت ہی کامیاب رہا ہے - مایاوتی نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ عوام کو بتائیں کہ نوٹ بندی کے بعد سے اب تک کتنا کالادھن یا بلیک منی جمع کرائی جاچکی ہے اور عام لوگوں کو اس سے کتنا فائدہ ہوا ہے -