ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i265807-ہندوستان_کی_پانچ_ریاستوں_میں_اسمبلی_انتخابات_کی_تاریخوں_کا_اعلان
ہندوستان کی پانچ ریاستوں اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، منی پور اور گوا میں اسمبلی انتخابات چار فروری سے آٹھ مارچ تک کرائے جائیں گے، جن کے نتائج کا اعلان گیارہ مارچ کو کیا جائے گا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۰۴, ۲۰۱۷ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

ہندوستان کی پانچ ریاستوں اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، منی پور اور گوا میں اسمبلی انتخابات چار فروری سے آٹھ مارچ تک کرائے جائیں گے، جن کے نتائج کا اعلان گیارہ مارچ کو کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے اترپردیش میں تمام چار سو تین نشستوں کے لئے سات مراحل میں، منی پور کی ساٹھ نشستوں کے لئے دو مراحل میں اور اتراکھنڈ، پنجاب اور گوا میں ایک ایک مرحلے میں انتخابات کرانے کا بدھ کو اعلان کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے ایک پریس کانفرنس میں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ کے نتائج گیارہ مارچ کو آئیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی کی طرف سے مذکورہ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کا اعلان کئے جانے کے ساتھ ہی ان ریاستوں میں مثالی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق شکایتیں اور ان کا سراغ دینے کی سہولت ، ٹول فری نمبر انیس سو پچاس  پر اور خصوصی ویب سائٹ پر دستیاب ہو گی-

دوسری جانب اترپردیش میں فروری اور مارچ میں سات مرحلوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کی حکومت کے ذریعے سرکاری مشینری کے بیجا استعمال کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے کہا ہے کہ ریاست میں الیکشن کمیشن کے لئے غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا ایک چیلنج ثابت ہو گا۔

ادھر کانگریس کے مواصلاتی محکمہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجےوالا نے ایک ٹی وی چینل سے کہا کہ نوٹ کی منسوخی کے بعد پہلی بار ہونے والے ان انتخابات میں کانگریس کو براہ راست فائدہ ہو گا اور اتر پردیش میں ستائیس سال بعد پارٹی کو اچھی کارکردگی اور باقی چار ریاستوں میں اس کے پرچم لہرانے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام ریاستوں میں کانگریس اپنے دم پر اسمبلی انتخابات لڑے گی اور کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔