ہندوستان کے وزیراعظم پر کڑی نکتہ چینی
ہندوستان کی مشہور خاتون سیاست دان اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندرا مودی پرسنگین الزام عائد کرتے ہوئےکہا ہے کہ مودی کی مخالفت کرنے پر مجھے ایک ’’طیارہ حادثے ‘‘ میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
ہندوستان کی ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے کہا کہ مودی اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لئے ’’دہشت گردی‘‘ کی مہم چلا رہے ہیں، مجھے بھی مودی کی مخالفت کرنے پر ایک ’’طیارہ حادثے ‘‘ میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ کچھ دنوں میں 2ہزار کا نوٹ بھی ختم کر دیا جائے گا ،لیکن اگر اب مودی نے کوئی بھی نوٹ ختم کرنے کی کوشش کی تو ہندوستانی عوام ان پر ہی پابندی لگا دیں گے۔
ممتا بینر جی نے کہا کہ مودی کی مخالفت کرنے کی پاداش میں گزشتہ سال 30 نومبرمیں کولکتہ ہوائی اڈے کے قریب فضا میں میرے قتل کی سازش کی گئی ،مودی حکومت خطرناک ہے،وہ کچھ بھی اور سب کچھ کر سکتے ہیں۔