ہندوستان میں بے روزگاروں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتاہے
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i267550-ہندوستان_میں_بے_روزگاروں_کی_تعداد_میں_اضافہ_ہوسکتاہے
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دوہزار سترہ میں ہندوستان میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوسکتاہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۳:۲۰ Asia/Tehran
  •   ہندوستان میں بے روزگاروں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتاہے

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دوہزار سترہ میں ہندوستان میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوسکتاہے-

اقوام متحدہ کے محنت کشوں سے متعلق ذیلی ادارے آئی ایل او نے اپنی تازہ ترین رپورٹ  میں کہا ہے کہ دوہزار سترہ اور دوہزاراٹھارہ کے درمیانی عرصے میں ہندوستان میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے - رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روزگار کی ضرورتوں کی بنا پر اقتصادی ترقی کی رفتار کم ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے دوہزار سترہ میں بے روزگاری میں اضافہ ہوگا اور سماجی عدم مساوات کی صورتحال بھی خراب ہوگی - اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں سال  اور آئندہ سال ہندوستان میں روزگار کے مواقع کی فراہمی کی رفتار تیزنہیں بلکہ سست ہوگی -

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں دوہزار سولہ میں ایک کروڑ ستتر لاکھ افراد بے روزگار تھے اور رواں برس یہ تعداد ایک کروڑ اٹھہتر لاکھ ہوجائے گی اور دوہزار اٹھارہ میں یہ تعداد ایک کروڑ اسّی لاکھ تک پہنچ جائے گی - رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں بے روزگاری کی شرح تین اعشاریہ چارفیصد بنی رہے گی - البتہ رپورٹ  میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دوہزار سولہ میں ہندوستان میں روزگار کی فراہمی کے لحاظ سے ریکارڈ اچھا رہاہے اور دوہزار چودہ سے دوہزار سولہ تک روزگارکی فراہمی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے -