ہندوستان: ریاستی انتخابات کا دوسرا مرحلہ
ہندوستان میں ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں دوسرے مرحلے میں گیارہ اضلاع کی سڑسٹھ نشستوں پر انتخابات ہوئے۔
پولنگ کا آغاز صبح سات بجے ہوا جس کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے۔ پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ اترپردیش کے گیارہ اضلاع منجملہ سہارنپور، بجنور، مرادآباد، سنبھل، رامپور، بریلی، امروہہ، پیلی بھیت، لکھیم پور کھیری، شاہ جہاں پور اور بدایوں کی سڑسٹھ نشستوں کے لئے سات سو بیس امیدوار میدان میں ہیں جن کے مستقبل کے بارے میں ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر کے فیصلہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر ساٹھ فیصد سے زائد ووٹروں نے ووٹ ڈالے۔
بعض علاقوں میں ناخوشگوار واقعات پیش آنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں اور بتایا گیا ہے کہ سنبھل کے فریدپور قصبے میں سماج وادی پارٹی اور بی جے پی کے طرفداروں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں فائرنگ بھی ہوئی جس میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
انتخابات کے نتائج کا اعلان گیارہ مارچ کو کیا جائے گا۔