ہندوستان: ریاست اترپردیش کے اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے کی ووٹنگ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i273532-ہندوستان_ریاست_اترپردیش_کے_اسمبلی_انتخابات_کے_پانچویں_مرحلے_کی_ووٹنگ
ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے لئے پیر کو ووٹ ڈالے گئے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ریاست اترپردیش کے اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے کی ووٹنگ

ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے لئے پیر کو ووٹ ڈالے گئے۔

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے گیارہ مشرقی اضلاع میں اکیاون سیٹوں کے لئے پانچویں مرحلے کے انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے گئے- ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پیر کو ہونے والی ووٹنگ میں، ستاون فیصد سے زائد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا-

اس درمیان چھٹے اور ساتویں مرحلے کے انتخابات کے لئے سبھی سیاسی پارٹیوں نے اپنی انتخابی مہم میں سارا زور صرف کر دیا ہے- ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے باقی بچے مرحلوں کے انتخابات کے  لئے اپنی انتخابی مہم کو جاری رکھتے ہوئے پیر کو مئو میں ایک ریلی سے خطاب کیا-

انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات کا اشارہ دے دیا کہ یوپی میں ایک مخلوط حکومت بننے جا رہی ہے- ان کا کہنا تھا کہ سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی اترپردیش میں معلق اسمبلی کے وجود میں  آنے کی ذمہ دار ہوں گی-

مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کو الیکشن میں واضح اکثریت نہیں ملے گی جبکہ بی جے پی کے لیڈروں کی جانب سے ابھی بھی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل  کرنے کے دعوے کئے جا رہے ہیں- 

پیر کو جن حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے ان میں امیٹھی اور ایودھیہ بھی شامل ہیں-

دوسری جانب ریاست کے وزیراعلی سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو اور بہوجن سماج پارٹی کی رہنما مایاوتی کی جانب سے بھی اپنی اپنی کامیابیوں کے دعوے کئے جا رہے ہیں-