ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں اسکول دوبارہ کھول دیئے گئے
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں نو ماہ کے بعد جمعرات کو دوبارہ اسکول کھول دیئے گئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے اسکول و مدارس، جو آٹھ جولائی دو ہزار سولہ کو ہندوستان کے سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے تشدد و بحران کی وجہ سے بند کر دیئے گئے تھے، جمعرات کے روز دوبارہ کھول دیئے گئے۔اس وقت سے اب تک کشمیری عوام کے خلاف ہندوستانی فوجیوں کے حملوں میں ایک سو تیس افراد جاں بحق اور ہزاروں دیگر زخمی ہو چکے ہیں اور ایک بڑی تعداد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں تعلیمی سرگرمیوں کا، ایسی حالت میں دوبارہ آغاز ہوا ہے کہ حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے اس علاقے میں اسکول و مدارس کھولے جانے پر اپنی مخالفت کا اظہار کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں تشدد و بدامنی کے باعث دو سو سے زائد اسکول و مدارس بند اور تیس تعلیمی مراکز مسمار اور بیس لاکھ سے زائد بچے درس کی کلاسوں میں شرکت سے محروم ہو گئے تھے۔