ہندوستان: جنوبی کشمیر میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورس کے درمیان تصادم
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے جنوبی ضلع پلواما میں سیکورٹی فورس اور مسلح عسکریت پسندوں کے درمیان شدید معرکہ آرائی میں تین افراد مارے گئے ہیں۔
سری نگر سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلواما کے ترال قصبے میں اتوار کو ہوئی شدید معرکہ آرائی میں کم سے کم دو مسلح عسکریت پسند مارے گئے ہیں جبکہ ہندوستانی سیکورٹی فورس کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا ہے- ہلاک ہونے والے ہندوستانی سیکورٹی اہلکار کا نام منظور احمد بتایا گیا ہے جبکہ اس کارروائی میں پانچ سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہو گئے- سری نگر میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں مسلح عسکریت پسندوں کا تعلق مسلح علیحدگی پسند تنظیم حزب المجاہدین سے ہے- مقامی حکام کا کہناہے کہ علاقے میں تلاشی کی کارروائی کے لئے فوج کے خصوصی دستوں کو تعینات کر دیا گیا- حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام ایک مکان میں مسلح افراد کے روپوش ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور یہ سلسلہ بارہ گھنٹے تک جاری رہا- فائرنگ کے تبادلے کے دوران مقامی لوگوں نے مظاہرہ کیا جس کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے- اس سے پہلے جمعے کو بھی مسلح عسکریت پسندوں نے پلواما میں سیکورٹی دستے پر دستی بم سے حملہ کیا تھا جس میں ایک شہری کی موت ہوگئی تھی جبکہ سی آر پی ایف کا ایک جوان زخمی ہو گیا تھا۔