مدھیہ پردیش مسافرٹرین میں دھماکہ متعد افراد زخمی
ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک مسافر ٹرین میں دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں بھوپال اجّین پیسینجر میں یہ دھماکہ ہوا جس میں نو مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گردانہ دھماکہ تھا جس میں آئی ای ڈی کا استعمال کیا گیا - ریاستی دارالحکومت بھوپال سے ستر کلومیٹر دور شاجاپور کے کالا پیپل اسٹیشن کے قریب منگل کی صبح یہ دھماکہ ہوا۔
دھماکے سے جنرل بوگی میں سوراخ ہوگیا۔
مدھیہ پردیش کے آئی جی نے بھی کہا ہے کہ یہ دھماکہ دہشت گردی کی کارروائی ہے۔ اس دھماکے کے بعد مدھیہ پردیش پولیس نے ایک بس کو ٹول ناکے پر روک کر تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس اور خفیہ ایجنسیوں نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دھماکے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے بھوپال ریلوے ڈویژن کے ترجمان آئی اے صدیقی نے بتایا کہ زخمی مسافروں کو اسپتال میں داخل کرادیا ہے۔