ہندوستان: دو ریاستوں کے انتخابات کے آخرے مرحلے کی پولنگ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i274678-ہندوستان_دو_ریاستوں_کے_انتخابات_کے_آخرے_مرحلے_کی_پولنگ
ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے ساتویں اور منی پور میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ہوئی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: دو ریاستوں کے انتخابات کے آخرے مرحلے کی پولنگ

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے ساتویں اور منی پور میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ہوئی۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں بدھ کی صبح ووٹنگ کا عمل شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک جاری رہا۔

اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ریاست کے سات اضلاع میں چالیس سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کے اس مرحلے میں اکیاون فیصد سے زائد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اترپردیش کے اسمبلی انتخابات کے اس آخری مرحلے میں جن شہروں میں ووٹنگ ہوئی ان میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کا انتخابی حلقہ کاشی شہر بھی شامل ہے جسے بنارس کہا جاتا ہے۔

ادھر ریاست منی پور میں بھی اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں بائیس سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہوئی جس کے لئے اٹھانوے امیدوار میدان میں تھے جن کی قسمت کا فیصلہ ووٹنگ مشینوں میں بند کر لیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ ریاست منی پور میں بدھ کے روز ہونے والے انتخابات میں تقریبا اٹھتّر فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے کا استعمال کیا۔ ریاست منی پور میں بھی ووٹنگ کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے۔

دونوں ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والی سبھی جماعتوں نے اپنی اپنی کامیابیوں کے دعوے کئے ہیں۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب سب کو گیارہ مارچ کا انتظار ہے کہ جس دن پانچ ریاستوں میں ہونے والے ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔