ہندوستان میں نسل پرستانہ حملوں پر افریقی ملکوں کی تنقید
نئی دہلی میں افریقی ملکوں کے سفیروں نے ہندوستان میں افریقی شہریوں پر ہونے والے نسل پرستانہ حملوں کی روک تھام کرنے میں حکومت کی ناتوانی پر تنقید کرتے ہوئے اس طرح کے حملے روکنے کے لئے مزید کوششیں بروئے کار لائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں افریقی ملکوں کے سفیروں نے پیر کے روز ایک مشترکہ بیان میں دھمکی دی ہے کہ اس قسم کے حملے جاری رہنے کی صورت میں وہ عالمی اداروں سے رجوع کریں گے۔
اس بیان میں صراحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران ہندوستان میں افریقی شہریوں پر ہونے والے افسوسناک حملوں کے پیش نظر افریقی ممالک اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اس سلسلے میں ہندوستان کے حکام زیادہ سنجیدہ نظر نہیں آتے۔ واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران ہندوستان کے مختلف علاقوں میں افریقی شہریوں پر حملے ہوئے ہیں جن میں کئی افریقی جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ نئی دہلی میں افریقی ملکوں کے سفیروں نے ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔