ہندوستان: گئو رکشا کیس، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو سپریم کورٹ کا نوٹس
ہندوستان کی سپریم کورٹ نے گئو رکشکوں کے کیس میں مرکز اور مختلف ریاستی حکومتوں سے جواب طلب کر لیا۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی سپریم کورٹ نے جمعے کو گئو رکشکوں اور ان سے منسلک جماعتوں پر پابندی عائد کرنے سے متعلق درخواست پر مرکزی حکومت کے علاوہ چھے ریاستوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سوال پوچھا ہے کہ کیوں نہ گئو رکشا کے نام پر تشدد کرنے والی جماعتوں پر پابندی لگا دی جائے۔جسٹس دیپک مسرا کی صدارت والی بنچ نے کانگریس لیڈر تحسین پونا والا اور دو دیگر لوگوں کی درخواست کی سماعت کے دوران مرکزی حکومت کے علاوہ راجستھان، مہاراشٹر، گجرات اور اترپردیش سمیت چھے ریاستوں کو نوٹس جاری کر کے تین ہفتے کے اندر اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ہندوستان کی سپریم کورٹ نے معاملے کی اگلی سماعت کے لئے تین مئی کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے یہ پوچھا ہے کہ کیوں نہ گئو رکشکوں اور ان سے منسلک جماعتوں پر پابندی لگا دی جائے۔