ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 22 سمجھوتوں پر دستخط
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف میدانوں میں تعاون کے 22 سمجھوتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے دورہ ہندوستان کے دوسرے دن مختلف شعبوں میں تعاون کے 22 سمجھوتوں پر دستخط ہوئے جن میں متعدد معاہدے دفاعی شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش نے تعاون کے جن سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں ان میں کولکتہ اور کھلنا کے درمیان 1 ٹرین اور 2 بس سروس چلانا بھی شامل ہے ۔
دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان ہفتے کو نئی دہلی کے حیدر آباد ہاؤس میں باضابطہ مذاکرات انجام پائے جس کے بعد دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے مذکورہ سمجھوتوں کی اطلاع دی۔
مشترکہ بیان جاری کرتے وقت ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ ہماری حکومت بنگلہ دیش کو 450 کروڑ ڈالر قرض بھی دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اقتصادی معاملات پر مل کر قدم آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان بنگلہ دیش کے لئے بجلی کی سپلائی میں بھی اضافہ کرے گا۔نریندرمودی کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کی دوستی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔
اس سے پہلے جمعے کو ہندوستانی وزیراعظم مودی سارے پروٹوکول کو بالائے طاق رکھ کر بنگلہ دیشی وزیراعظم کا استقبال کرنے کے لئے خود دہلی کے ہوائی اڈے پہنچ گئے تھے۔ گذشتہ 7 برس میں شیخ حسینہ کا یہ پہلا دورہ ہندوستان ہے۔