کشمیریوں کے خلاف مہم چلانے والے گروہ کا سربراہ گرفتار
ہندوستان میں کشمیریوں کے خلاف مہم چلانے والے گروہ کے سربراہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں کشمیریوں کے خلاف متنازعہ پوسٹر چسپاں کرنے والے نونرمان سینا نامی گروہ کے صدر امت جانی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اترپردیش نو نرمان سینا نامی گروہ نے جمعرات کو میرٹھ میں واقع دہلی دہرادون ہائی وے پر کشمیریوں کے خلاف پوسٹر لگائے تھے جس میں کشمیری عوام کو دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ کشمیریوں اترپردیش چھوڑ دو۔
ہندوستانی پولیس نے مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے گروہ کے سربراہ امت جانی کو اس کے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔
اس سے قبل ہندوستان کے مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے راجستھان کے چتوڑگڑھ میں بدھ کو کشمیری طلبہ پر ہوئے مبینہ حملے کے بعد پورے ملک میں کشمیریوں کا تحفظ یقینی بنانے کا حکم دیا تھا اور کہاتھا کہ کشمیری طلبہ کا تحفظ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔