ہندوستان ایران سے ایل پی جی درآمد کرے گا
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i282568-ہندوستان_ایران_سے_ایل_پی_جی_درآمد_کرے_گا
ہندوستان نے ایران سے سیّال گیس درآمد کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان ایران سے ایل پی جی درآمد کرے گا

ہندوستان نے ایران سے سیّال گیس درآمد کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔

ہندوستان کی وزارت تیل وگیس نے ایران سے ایل پی جی کی درآمد کے معاہدے پر دستخط کی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ، اس معاہدے کے تحت ایران سے چھے ماہ کے دوران چوالیس ہزار ٹن ماہانہ سیّال گیس درآمد کی جائے گی۔ہندوستان اپنی گیس کی ضرورت پوری کرنے کے لیے، سعودی عرب، قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات سے ماہانہ ایک ملین ٹن ایل پی جی درآمد کرتا ہے۔ہندوستان میں سن دوہزار سولہ اور سترہ کے دوران سیّال گیس کی کھپت میں نو فی صد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان کی مائع یا سیّال گیس کی ضرورت ساڑھے اکیس ملین ٹن سے تجاوز کرگئی ہے جس میں گیارہ ملین ٹن سیّال گیس باہر سے منگائی جاتی ہے۔ہندوستان کی وزارت تیل و گیس نے ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے وقت اور تفصیلات کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا ہے تاہم ہندوستانی عہدیداروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ سال کے دوران ملک کی گیس کی ضرورت میں سولہ سے سترہ ملین ٹن تک کا اضافہ ہوگا۔حکومت ہندوستان ملک میں روائتی ایندھن کے بجائے، سیّال گیس کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ ہندوستان دنیا میں گیس درآمد کرنے والے بڑے ملکوں میں سے ایک ہے۔