ایران کی چابہار بندرگاہ بڑی اہم ہے: مودی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i283850-ایران_کی_چابہار_بندرگاہ_بڑی_اہم_ہے_مودی
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان تجارتی لین دین کو فروغ دینے کے لئے جنوبی ایران میں واقع چابہار بندرگاہ قابل ذکر اہمیت کی حامل ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
May ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • ایران کی چابہار بندرگاہ بڑی اہم ہے: مودی

ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان تجارتی لین دین کو فروغ دینے کے لئے جنوبی ایران میں واقع چابہار بندرگاہ قابل ذکر اہمیت کی حامل ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز اپنے ملک کی ریاست گجرات میں ایک بیان میں ایران کی چابہار بندرگاہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی کانڈلا بندرگاہ کو جلد ہی ایران کی چابہار بندرگاہ سے ملا دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان اور ایران کی ان بندرگاہوں کو آپس میں جوڑے جانے سے بین الاقوامی تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔

واضح رہے کہ ہندوستان کی کانڈلا بندرگاہ اس ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ شمار ہوتی ہے جہاں سے دو ہزار سولہ کے دوران ایک سو چھے ٹن اشیا منتقل کی گئی ہیں اور اب ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ اس بندرگاہ کو ایران کی چابہار بندرگاہ سے جوڑے جانے سے ہندوستان کے بین الاقوامی تجارتی لین دین کو اور زیادہ فروغ حاصل ہو گا۔

چابہار بندرگاہ میں ہندوستان کے ذریعے پچاسی ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے دو جیٹیوں کی تعمیر کے معاہدے پر گذشتہ برس ایران اور ہندوستان کے ٹرانسپورٹ کے وزیروں نے دستخط کئے تھے جبکہ سہ فریقی ٹرانزیٹ سمجھوتے پر گذشتہ برس ہندوستانی وزیراعظم کے دورہ ایران کے موقع پر ہندوستان، افغانستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سربراہان مملکت نے دستخط کئے تھے-