ہندوستان میں صدارتی انتخابات 17جولائی کو ہوں گے
ہندوستان میں صدارتی انتخابات کا انعقاد سترہ جولائی کو ہو گا جبکہ نتائج کا اعلان بیس جولائی کو کیا جائے گا۔
ہندوستان کے چیف الیکشن کمشن نسیم زیدی نے بدھ کی شام نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں صدارتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا-
ہندوستان کے الیکشن کمشنر کے مطابق صدارتی انتخابات کے لئے چودہ جون کو نوٹیفکیشن جاری ہو گا جبکہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ اٹھائیس جون معین کی گئی ہے- نئے صدر کے لئے ووٹ سترہ جولائی کو ڈالیں جائیں گے جبکہ بیس جولائی کو ووٹوں کی گنتی ہو گی-
الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے کہا کہ صدارتی انتخابات بیلیٹ پیپر پر ہوں گے- موجودہ صدر پرنب مکھرجی کی مدت صدارت بیس جولائی کو ختم ہو رہی ہے لہذا پچیس جولائی سے پہلے ہندوستان کا نیا صدر منتخب کر لیا جائے گا-
مودی حکومت اور اپوزیشن نے فی الحال اپنے پتے نہیں کھولے ہیں تاہم موجودہ سیاسی منظر نامے میں این ڈی اے کا پلڑا بھاری نظر رہا ہے- سیاسی ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز میں حکومت اور اپوزیشن اپنے امیدواروں کے نام طے کر لے گی-