بی جے پی کے یکطرفہ فیصلے پر کانگریس کی تنقید
ہندوستان کی کانگریس پارٹی نے بی جے پی پر صدارتی امیدوار کے موضوع پر یکطرفہ فیصلہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اپوزیشن کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے جمعرات کو اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے-
راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جمعرات کو اجلاس کریں گی اور اپنی حکمت عملی طے کریں گی۔
راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے بی جے پی کے نامزد صدارتی امیدوار رام ناتھ کوووند کے بارے میں کسی طرح کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
غلام نبی آزاد نے یہ بھی نہیں بتایا کہ سترہ جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں اپوزیشن اپنا امیدوار میدان میں اتارے گا یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک این ڈی اے کے امیدوار کی بات ہے، تو کانگریس کو ان کے امیدوار کی خوبیوں اور برائیوں کے بارے میں کچھ نہیں کہنا ہے۔
ابھی حال ہی میں جب اٹھارہ اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نے ملاقات کی تھی، تو سب نے صدارتی امیدوار پر مشترکہ طور پر اتفاق رائے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جب مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور مرکزی اطلاعات و نشریات کے وزیر وینکیا نائیڈو نے کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی تھی، تو ہم نے امید کی تھی کہ بحث کے لئے چند نام سامنے آئیں گے تاہم انہوں نے کوئی نام نہیں دیا۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ ہمیں پوری امید تھی کہ صدارتی امیدوار کے نام کے اعلان سے پہلے بی جے پی ہمارے ساتھ ناموں پر بات چیت کرے گی۔