ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جھڑپیں
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جمعرات کو بھی متعدد افراد کے مارے جانے کی خبر ہے۔
سرینگر سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ پلواما کے علاقے کاکاپورا میں ایک انکاؤنٹر میں لشکر طیبہ کے تین عسکریت پسند مارے گئے۔
اس رپورٹ کے مطابق کاکاپورا میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی اہلکاروں میں تصادم بدھ کی رات دیر گئے اس وقت شروع ہوا جب مسلح علیحدگی پسندوں نے فوج کے ایک دستے پر فائرنگ کردی۔
رپورٹ کے مطابق دونوں طرف سے فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
اس رپورٹ کے مطابق فوجی اہلکاروں نے اس گھر کو دھماکے سے اڑا دیا جس میں عسکریت پسند چھپے ہوئے تھے۔
اس آپریشن میں لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے تین مسلح علیحدگی پسند مارے گئے۔
انکاؤنٹر میں فوج کا ایک میجر اور ایک پچیس سالہ نوجوان کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔
ہمارے نمائندے میں بتایا ہے کہ نوجوان بعد میں زخموں کی شدت کی باعث چل بسا۔
اس دوران جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ کشمیر کے بارے نئی دہلی حکومت کی پالیسیوں کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔