ہندوستان کے زیر انتطام کشمیرمیں جھڑپیں، ایک خاتون اور ایک عسکری کمانڈر ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i288766-ہندوستان_کے_زیر_انتطام_کشمیرمیں_جھڑپیں_ایک_خاتون_اور_ایک_عسکری_کمانڈر_ہلاک
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران فورسز اور عوام کے درمیان جھڑپ میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
(last modified 2025-11-01T10:23:41+00:00 )
Jul ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیر انتطام کشمیرمیں جھڑپیں، ایک خاتون اور ایک عسکری کمانڈر ہلاک

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران فورسز اور عوام کے درمیان جھڑپ میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

ہمارے نمائندہ سری نگر نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ فوج نے خفیہ اطلاعات پر دیال گام گاؤں میں چھپے ہوئے مسلح افراد کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

کہا جا رہا ہے کہ جیسے ہی فوج کی جانب سے علاقے میں ایک گھر کا محاصرہ کئے جانے کی خبر پھیلی تو دیال گام اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے سیکورٹی کے حصار کو توڑ کر اس گھر کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تام پولیس نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔

بعد ازاں مشتعل افراد نے ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کر دیا جبکہ بڑھتے ہوئے مظاہرین کو روکنے کے لیے سیکورٹی اہلکاروں نے مشتعل افراد پر آنسوگیس کے گولے داغے اور پیلٹ گنوں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور چھے دیگر افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

دیال گام میں فوج کے حملے میں مسلح سرغنہ بشیر لشکری کے بھی مارے جانے کی خبر ہے۔

بشیر لشکری کا تعلق مسلح عسکری تنظیم لشکر طیبہ سے بتایا جاتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال آٹھ جولائی کو فوج کے ہاتھوں حزب المجاہدین نامی عسکری گروپ کے کمانڈر برہان وانی کی موت کے بعد ہندوستان کے زیر انتطام کشمیر میں حالات سخت کشیدہ ہو گئے تھے۔

گذشتہ ایک سال کے دوران ہونے والے مظاہروں میں کشمیریوں اور ہندوستانی سیکورٹی فورس میں جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے نتیجے میں سیکڑوں کشمیری جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔