تشدد اور کشیدگی کی ذمہ دار بی جے پی ہے : ممتابنری
مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بشیرہاٹ میں ہوئے تشدد اور دارجلینگ میں کشیدگی کے لئے مرکزی حکومت پر سیاسی مفاد پرستی کا الزام لگایا ہے۔
ہندوستانی ذرائع سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ممتا بنرجی نے مودی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انھیں مرکز سے مکمل مدد نہیں مل رہی ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلی نے بشیرہاٹ تشدد کی عدالتی جانچ کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔
ممتا بنرجی نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ غیر ملکی طاقتوں کی مدد سے ریاست میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے باہمی رضامندی سے مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی بات کہتے ہوئے دارجلینگ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تشدد سے پرہیز کریں اور امن و امان کو برقرار رکھیں۔
ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مخالفین کو اور جن پارٹیوں نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی مخالفت کی تھی، ان کو اپنا نشانہ بنا رہی ہے۔
اس دوران تشدد روکنے میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں دس آئی پی ایس افسروں کا تبادلہ بھی کر دیا گیا ہے۔