بہار کے وزیر اعلی مستعفی ہوگئے
بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بدھ کی شام اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے
بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بدھ کی شام کو ریاست کے گورنر سے ملاقات کر کے اپنا استعفی پیش کر دیا۔ریاست کے گورنر نے ان کا استعفی بھی منظور کرلیا ہے۔
نتیش کمار کے استعفے کے ساتھ ہی ریاست بہار میں گزشتہ بیس ماہ سے چل رہا جے ڈی یو-آر جے ڈی اور کانگریس کا عظیم اتحاد بھی ٹوٹ گیا۔
راج بھون سے لوٹنے کے بعد نتیش کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جیسا ماحول چل رہا تھا اس میں کام کرنا مشکل ہو گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ میں نے اپنےضمیر کی آواز پر استعفی دیا ہے۔
نتیش کمار کے استعفی کے بعد لالو پرساد یادو نے پریس کانفرنس کر کے کہا کہ نریندر مودی اور نتیش کمار میں سب کچھ پہلے سے ہی طے تھا۔
لالو پرساد یادو نے نتیش کمار پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا یہ کیسی ایمانداری ہے، نتیش پر بھی تو قتل کا الزام ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے قتل کا الزام بدعنوانی کے الزام سے بڑا ہے- لالو پرساد یادو نے نئے فارمولے تجویز کرتے ہوئے کہا کہ نہ نتیش کمار اور نہ ہی تیجسوی بلکہ کوئی تیسرا آدمی وزیر اعلی بنے اور عظیم اتحاد کی تینوں پارٹیاں بیٹھ کر اس بات پر فیصلہ کریں۔