ایران ہندوستان کا قابل اعتماد شریک ہے، اسحاق جہانگیری
ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے تہران اور نئی دہلی کے درمیان تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔
ہندوستان کے وزیرمملکت برائے نقل و حمل و جہاز رانی نیتن گڈکری سے بات چیت کرتے ہوئے نائب صدر اسحاق جہانگری کا کہنا تھا ہندوستان اپنی توانائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے ایران پر بھروسہ کرسکتا ہے۔ چابہار کی بندرگاہ کے ترقیاتی منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسحاق جہانگیری نے کہا کہ ایران اس منصوبے میں ہندوستان کی مشارکت کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ہندوستان کے وزیر مملکت برائے نقل و حمل نیتن گڈکری نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک چابہار کے ترقیاتی منصوبے میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تاجر برداری بھی چابہار کے منصوبے میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہے اور امید ہے کہ یہ منصوبہ بہت جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان بینکاری تعلقات کے فروغ اور ہندوستان میں ایرانی بینکوں کی برانچوں کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔