ہندوستان: زمین کھسکنے اور سیلاب سے بڑی تباہی
ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں زمین کھسکنے اور شدید بارش اور سیلاب میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ بھاری مالی نقصان ہوا ہے
ہندوستان کی ریاست ہماچل پردیش میں زمین کھسکنے کے نتیجے میں چھیالیس افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دس افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں ہندوستانی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست ہماچل پردیش کے گاؤں کوٹ روپی میں پیش آیا - زمین کھسکنے کے اس واقعے میں منڈی سے پٹھان کوٹ جانے والی اہم شاہراہ کا دو سو میٹر حصہ بھی تباہ ہوگیا ہے - شاہراہ پر موجود دوبسیں اور متعدد گاڑیاں بھی زمین کھسکنےکے واقعے کی زد میں آگئیں- دوسری جانب ریاست اترا کھنڈ میں بادل پھٹ جانے کے نتیجے میں سترہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں - ہندوستانی میڈیا نے خبردی ہے کہ ریاست اترا کھنڈ کےعلاقے پتھوڑا گڑھ میں بادل پھٹ جانے اور شدید بارش کی وجہ سے سترہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ گیارہ افراد لاپتہ ہیں جن میں پانچ فوجی اہلکار بھی شامل ہیں - جبکہ مشرقی ریاست بہار میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں مختلف اضلاع میں ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں اورامدادی ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہیں- بہار میں بھی سیلاب سے خاصا نقصان ہوا ہے - بہار میں سیلاب نے سب سے زیادہ تباہی اریّا، کشن گنج ، پورنیا اور کٹیہار میں مچائی ہے- بتایا جاتا ہے کہ بہار میں سیلاب سے پینتیس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں