ہندوستان اور نیپال میں سیلاب کی تباہ کاریاں
ہندوستان کی مختلف ریاستوں اور نیپال میں شدید بارش اور سیلاب سے سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ افراد بےگھر یا سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ملک کی آدھی آبادی اس وقت سیلاب سے متاثر ہے۔ بہار، اترپردیش، آسام اورگجرات جیسی ریاستوں میں سیلاب کا قہر جاری ہے جس میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
بہار میں ستر سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ گجرات میں دوسو اور آسام میں ایک سو سے زائد لوگ سیلاب کی نذر ہوگئے ہیں۔
اترپردیش میں بھی متعدد افراد سیلاب کے تیز ریلے میں بہہ گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہےکہ سیلاب سے مرنےوالوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
اس درمیان صرف بہار میں تقریبا ستر لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔
ادھر پڑوسی ملک نیپال میں بھی سیلاب نے زبردست تباہی مچائی ہے اور سیلاب سے سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
نیپال کی ندیوں سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے اترپردیش کے مختلف اضلاع کے گاؤں زیر آب آگئے ہیں اور دریاؤں کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔